سندھ حکومت نے پیپلز بس سروس کا آغاز کر دیا

10:24 AM, 18 Apr, 2018

کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں داؤد چورنگی سے ٹاور تک پیپلز بس سروس کا آغاز کر دیا گیا۔ صوبائی وزیر بلدیات اینڈ ٹرانسپورٹ ناصر حسین شاہ نے بس سروس کا آغاز کیا۔ حکومت سندھ کی جانب سے نجی بس کمپنی (ڈائیوو) کے اشتراک سے شہری داؤد چورنگی، قائد آباد سے ٹاور تک 20 سے 40 روپے کرائے میں ایئر کنڈیشنڈ پیپلز بس سروس میں سفر کر سکتے ہیں۔

ابتدائی طور پیپلز بس سروس کے تحت چلنے والی 10 بسوں کو سڑکوں پر لایا گیا ہے۔ پیپلز بس سروس صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک چلے گی۔ ہر بس 30 نشستوں پر مشتمل ہے تاہم رش کے اوقات میں شہری کھڑے ہو کر سفر کر سکتے ہیں۔

خواتین کمپارٹمنٹ کے لیے اگلا دروازہ مخصوص ہے جبکہ مرد حضرات کے لیے دوسرا دروازہ ہے۔ ڈیزل پر چلنے والی ان بسوں کا اسٹاف ڈرائیور اور کنڈکٹر پر مشتمل ہے جو مخصوص نیلے رنگ کے یونیفارم میں ملبوس ہوں گے۔

مزید پڑھیں: سابق وزیر اعظم نواز شریف لندن کے لیے روانہ ہو گئے

بسوں کے ڈرائیورز اور کنڈکٹرز کے لیے مخصوص نیلے رنگ کا یونیفارم مختص کیا گیا ہے۔ بس میں سفر کرنے والے شہریوں نے حکومتی اقدام پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں