بالی ووڈ: دی کپل شرما شو میں کم عمر فنکار 12 سالہ کارتکی راج نے بڑے بڑے کامیڈین ہونے کے باوجود شو میں خود کو منوا لیا ہے یہی وجہ ہے کہ کارتکی راج بھی ’’دی کپل شرما شو‘‘ کا اہم حصہ مانا جاتا ہے لیکن کامیڈی کے چھوٹے شہزادے کی شو تک پہنچنے کا سفر بھی انتہائی دلچسپ اورسبق آموز ہے۔کامیڈین کارتکی راج کی والدہ کرن دیوی نے انٹرویو میں بتایا کہ 4 سال پہلے ہماری مالی حالت ایسی تھی کہ ہمارے خاندان کو 2 وقت کا کھانا بھی نصیب نہیں ہوتا تھا اورجس دن گھر میں چاول دال اور سبزی بنتی تھی تو بچے سمجھتے تھے کہ آج پارٹی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2013 میں کارتکی ٹی وی چینل کے کامیڈی شو میں پرفارم کرنے کے لیے کولکتہ گیا جہاں اسے ایک بڑے فائیواسٹار ہوٹل میں ٹھہرایا گیا تھا اور اسے وہاں جو بھی کھانا ملتا وہ اس میں سے آدھا کھا لیتا اور باقی جمع کرلیا کرتا تھا جب کہ 5 دن بعد واپسی پر اس نے مجھے تھیلا دیا جس میں ہوٹل سے بچایا گیا کھانا تھا جسے دے کر کارتکی نے کہا ماں یہ بڑے ہوٹل کا کھانا ہے اسے کھالو کیوں کہ ہمیں کبھی بڑے ہوٹل کا کھا ا نہیں ملا لہذا اسی لیے لے کر آیا ہوں۔
کرن دیوی کا کہنا تھا کہ میں نے کارتکی سے ہوٹل سے لایا ہوا کھانے کا تھیلا لے لیا تھا اور اس کے سامنے کھانا بھی کھایا تھا لیکن وہ کھانا اتنے دن میں خراب ہوچکا تھا جس کے باوجود میں نے اسے محسوس نہیں ہونے دیا تاہم آج بھی 4 سال پہلے کی ایک ایک بات یاد ہے اور اپنے بیٹے کی کامیابی پر فخر کرتی ہوں۔
’’دی کپل شرما شو‘‘ میں کھجور کا کردار کرنے والے کارتکی راج شو میں ایک قسط کے لیے 3 سے 5 لاکھ معاوضہ وصول کرتے ہیں اور اب ان کی زندگی میں تبدیلی بھی آگئی ہے جب کہ 12 سالہ کامیڈین اپنی والدہ اور بہن کے ساتھ بہار کے شہر پٹنہ سے ممبئی منتقل ہوگئے ہیں اور وہیں اسکول میں بھی زیر تعلیم ہیں لیکن ان کے والد اب بھی پٹنہ میں دوسرے بیٹے ابھیشیک کے ہمراہ مقیم ہیں اور کنسٹرکشن کے کاروبار سے منسلک ہوچکے ہیں۔