لبنان میں چھوٹی مواصلاتی ڈیوائس پیجر پھٹنے سے 10 افراد شہید،ایرانی سفیر سمیت متعدد زخمی

لبنان میں چھوٹی مواصلاتی ڈیوائس پیجر پھٹنے سے 10 افراد شہید،ایرانی سفیر سمیت متعدد زخمی

بیروت:لبنان میں چھوٹی مواصلاتی ڈیوائس پیجر پھٹنے سے 10 افراد شہید ہوگئے جب کہ ایرانی سفیر، حزب اللہ کے متعدد اراکین سمیت ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے وزیر صحت فراس ابیاد نے نیوز کانفرنس کے دوران تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں پیجرز پھٹنے کے واقعات میں 10 افراد مارے گئے جب کہ 2 ہزار 750 زخمی ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان بھر کے ہسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے اور زخمیوں کے لیے خون کے عطیات دینے کی اپیل کی گئی ہے۔

زخمیوں میں سے 200 افرادکی حالت نازک بتائی گئی ہے جب کہ ڈیڑھ سو ہسپتالوں میں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔

قبل ازیں سیکیورٹی ذرائع نے غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ لبنان بھر بات چیت کے لیے استعمال ہونے والی ڈیوائس پیجرز پھٹنے سے حزب اللہ کے جنگجوؤں اور طبی عملے سمیت ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

حزب اللہ کے ایک عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پیجرز دھماکے اب تک کی سب سے بڑی سیکورٹی خلاف ورزی ہے جس کا گروپ کو اسرائیل کے ساتھ تقریباً ایک سال کی جنگ کے دوران سامنا کرنا پڑا ہے۔

اسرائیلی فوج نے دھماکوں کے بارے میں رد عمل دینے کی رائٹرز کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

 
 

قبل ازیں غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے وزیر صحت فراس ابیاد نے تصدیق کی کہ لبنان بھر میں سیکڑوں افراد زخمی ہوئے جب ان کے پیجرز پھٹ گئے۔

دوسری جانب حزب اللہ کے قریبی ذرائع نے کہا کہ دھماکوں میں اس کے ارکان کو نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹس کے مطابق پیجر دھماکوں کی لہر تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہی، ان کی ابتدا مقامی وقت کے مطابق سہہ پہر 3 بج کر 45 ہوئی، فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان ڈیوائسز کو کس طرح اڑایا گیا۔

لبنان کی داخلی سیکیورٹی فورسز نے کہا کہ لبنان بھر، خاص طور پر بیروت کے جنوب میں واقع مضافاتی علاقوں میں متعدد وائرلیس مواصلاتی ڈیوائسز کو دھماکے سے اڑایا گیا جس کے نتیجے میں لوگ زخمی ہوئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حزب اللہ کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ایرانی حمایت یافتہ تحریک کے ارکان کی ایک بڑی تعداد بیک وقت ہونے والے واقعات میں زخمی ہوئی، تاہم کسی شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

دوسری جانب پیجر دھماکوں میں ایرانی سفیر کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران کی خبررساں ایجنسی مہر نے رپورٹ کیا کہ لبنان میں تعینات ایران کے سفیر مجتبیٰ امانی پیجر پھٹنے سے زخمی ہوگئے جب کہ اسی طرح کے واقعات میں لبنانی مسلح گروپ حزب اللہ کے سیکڑوں ارکان شدید زخمی ہوئے ہیں