اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ڈالر کے اوپر جانے کی سیاسی وجوہات بھی ہیں ۔ ڈالر نیچے آجائے تو اچھا ہے لیکن حکومت مداخلت نہیں کرے گی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ سندھ میں چاول اور دیگر فصلیں خراب ہوگئیں اس سال شاید چاول کی ایکسپورٹ اس طرح نہ ہوجیسے پہلے ہوتی تھی۔ سیلاب اور فصلیں خراب ہونے سے امپورٹ بڑھا ہے، سیلاب سے لوگ بہت متاثر ہوئے ہیں، سیلاب کی وجہ سے غریب لوگوں پر خرچ کررہے ہیں۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھاکہ ڈالر جو 213 سے اوپر گیا ہے اس میں کچھ سیاسی وجوہات بھی ہیں۔ ڈالر نیچے آئے گا اور آجائے تو اچھا ہے ہم مداخلت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ایف پی اے نہیں لیا جا رہا لیکن آگے لیں گے یا نہیں اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ سب سے بڑی کابینہ عمران خان کی تھی لیکن میں ستر لوگوں کی کابینہ کا دفاع نہیں کروں گا، بطور وفاقی وزیر میں تو تنخواہ نہیں لے رہا۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ بجلی اکتوبر تک سستی ہوجائے گی، بجلی کے 300 یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ختم کیا گیا ہے، ایف پی اے اگست میں اور نہ ہی ستمبر میں لیا گیا ہے۔