اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ ٹانک موسم کی خرابی کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے جس کے بعد انہوں نے نور خان ائیربیس پر سیلاب سے متعلق جائزہ اجلاس طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کیلئے میانوالی سے ٹانک جانا تھا تاہم موسم خراب ہونے کے باعث وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد واپس جانے کا فیصلہ کیا اور ان کا ہیلی کاپٹر میانوالی سے ہی واپس موڑ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران ٹانک میں تعمیر شدہ 100 گھروں کا افتتاح بھی کرنا تھا تاہم ایسا ممکن نہیں ہو سکا اور موسم خرابی کے باعث دورہ ملتوی کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ ملتوی ہونے کے باعث نورخان ائیربیس پر سیلاب سے متعلق جائزہ اجلاس طلب کر لیا جس میں وہ ریسکیو اور ریلیف کے کاموں سے متعلق معلومات حاصل کریں گے جبکہ اجلاس کے بعد وہ لندن روانہ ہو جائیں گے۔