لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہو گیا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق صوبے بھر میں301 جلوس اور 530 مجالس کی سیکیورٹی پر 42 ہزار سے زائد اہلکار، افسران اور رضاکار تعینات ہیں اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ بھی کی جاری ہے۔
کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور کا کہنا ہے کہ شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے شہر بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری، اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاﺅڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ مخصوص مقامات پر موبائل سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔
دوسری جانب کوئٹہ میں شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس علمدار روڈ پر چوک شہدائے سے برآمد ہو گیا ہے جو شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا بعد نماز مغرب فوارہ چوک پر اختتام پذیر ہو گا، چہلم کے جلوس کے راستے پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔