کوئٹہ: بلوچستان میں سیلاب اور بارشوں کے نتیجے میں تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور مزید 5 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 299 تک پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق نئی اموات جعفر آباد، چمن اور سوراب سے رپورٹ ہوئی ہیں۔
حالیہ ہلاکتوں کے بعد صوبے میں مجموعی ہلاکتیں 299 ہو گئی ہیں جن میں 136 مرد 73 خواتین اور 90 بچے شامل ہیں جبکہ بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہو کر 181 افراد زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے بھر میں 65 ہزار 997 مکانات منہدم اور جزوی نقصان کا شکار ہوئے جبکہ 2200کلو میٹر پر مشتمل مختلف شاہراہیں بھی شدید متاثر ہوئیں۔
صوبے میں بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مختلف مقامات پر 22 پل ٹوٹ چکے ہیں جبکہ 2 لاکھ 70 ہزار 744 مال مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مجموعی طور پر 2 لاکھ 811 ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں سیلاب میں بہہ گئیں جبکہ سولر پلیٹس، ٹیوب ویلز اور بورنگ کو وسیع پیمانے پر نقصانات پہنچا ہے۔
بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری، مزید 5 افراد جاں بحق
11:21 AM, 17 Sep, 2022