پشاور: محکمہ انسددا دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خیبر پختونخواہ میں پاک، افغان سرحد کے قریب کارروائی کے دوران داعش سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی پشاور ریجن کے حکام نے مصدقہ ذرائع سے پاک، افغان سرحد کے قریب جمرود کے علاقے میں دہشت گردوں کے ایک منظم گروپ کی اطلاع ملنے پر کارروائی کی اور سی ٹی ڈی کی ٹیموں کے پہنچتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا۔
سی ٹی ڈی اہلکاروں نے دہشت گردوں پر جوابی فائرنگ شروع کی تو فائرنگ کے اس تبادلے کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جو دہشت گردی کا بڑا منصوبہ بنا رہے تھے۔
کارروائی میں مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت ذاکر اللہ عرف حذیفہ اور مرسلہ خان عرف قاری عرف ارشاد ولد سید اکبر کے نام سے ہوئی جبکہ تیسرے دہشت گرد کی شناخت کی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے تین کلاشنکوف، 12 میگزین، 2 دستی بم، 3 بینڈولیئر اور درجنوں کارتوس برآمد ہوئے ہیں جبکہ دو سے تین دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔
سی ٹی ڈی کی پاک، افغان سرحد کے قریب کارروائی، داعش کے 3 دہشت گرد ہلاک
10:15 AM, 17 Sep, 2022