کراچی: شہر قائد میں شہدا کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس آج دوپہر 1 بجے نشترپارک سے برآمد ہو گا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پر ختم ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق چہلم کے جلوس، راستوں اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ شہدائے کربلا کے چہلم کے مرکزی جلوس کے موقع پر پولیس کے 2 ہزار 996 افسران اور جوان سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔
اس کے علاوہ ریپڈ رسپانس فورس کے 375 افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ جلوس کے اطراف اور گزرگاہوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کئے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں سندھ کے تمام اضلاع میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر آج بھی پابندی رہے گی جبکہ کراچی میں پیپلز بس سروس بھی آج معطل رہے گی۔