شہریوں کیلئے خوشخبری، حکومت نے سستی بجلی پیکج کی منظوری دیدی

11:03 PM, 17 Sep, 2021

اسلام آباد: حکومت نے عوام کو سردیوں میں ریلیف دینے کے لئے سستے بجلی پیکج کی منظوری دے دی جس سے صارفین کو فی یونٹ 7 سے 10روپے کا فائدہ ہو گا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کا اجلاس ہوا جس میں سردیوں میں بجلی کا خصوصی پیکج دینے کی منظوری دی گئی۔ پیکج کے تحت گھریلو، کمرشل اور جنرل سروسز کے صارفین کو اضافی بجلی استعمال کرنے پر فی یونٹ 7 سے 10 روپے کا فائدہ ہو گا۔

رعایتی بجلی پیکج کے تحت صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے 2 فارمولے استعمال کئے جائیں گے۔ پہلے فارمولے کے تحت 300یونٹ سے زیادہ استعمال ہونے والی بجلی کی قیمت 12روپے 96پیسے فی یونٹ قیمت وصول ہوگی۔

خیال رہے کہ اس وقت 300 یونٹ سے زائد بجلی کے استعمال پر فی یونٹ قیمت گھریلو، کمرشل اور جنرل سروسز کے شعبوں کیلئے 19 روپے 55 پیسے سے 22 روپے 65 پیسے فی یونٹ تک ہے۔

 دوسرے فارمولے کے تحت صارف گزشتہ سال سے جتنی زیادہ بجلی استعمال کرے گا اس مہینے کی اضافی بجلی پر ساڑھے 6 روپے سے 10 روپے فی یونٹ تک ریلیف حاصل کرے گا۔

اس پیکج کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی جب کہ  پیکج کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت پورے ملک میں ہو گا اور پیکج یکم نومبر سے 28 فروری 2022 تک نافذ رہے گا۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حذب اختلاف میاں شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کو مسترد کردیا ہے ۔

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے بجلی بلوں میں 5 سے 35 فیصد ایڈوانس ٹیکس کا نفاذ حکومت کی عوام کے خلاف معاشی دہشت گردی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ظالم اور نالائق حکومت ملک میں خانہ جنگی کرانے پر تلی ہے۔ظلم کی حکومت کوجانا ہوگا۔بدترین مہنگائی،پٹرول میں اضافے کے بعد بجلی کی قیمت بڑھانے کا ایک اور بم عوام پر پھینکا گیا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے بجلی صارفین پر مزید اضافی بوجھ ڈالنے کا بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔ صدارتی آرڈیننس کے زریعے بجلی بلوں میں 5 سے 35 فیصد ایڈوانس انکم ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ 

پروفیشنل شعبوں سے وابستہ نان فائلرز کے بجلی بلوں میں ایڈیشنل ٹیکس لاگو ہوگا۔ ماہانہ 10 ہزار روپے تک کے بجلی بل میں 5 فیصد ایڈوانس ٹیکس عائد ہوگا ۔ ماہانہ 10 ہزار سے 20 ہزار روپے تک کے بل میں 10 فیصد ٹیکس ہوگا ۔

رپورٹ میں گہا گیا ہے کہ ماہانہ 20 ہزار سے 30 ہزار روپے تک کے بل میں 15 فیصد ٹیکس لاگو ہوگا ۔ ماہانہ 30 ہزار سے 40 ہزارروپے تک کے بل میں 20 فیصد ٹیکس ہوگا ۔ ماہانہ 40 ہزار سے 50 ہزار روپے تک کے بل میں 25 فیصد ایڈوانس ٹیکس ہوگا ۔

ماہانہ 50 ہزار سے 75 ہزار روپے تک کے بل میں 30 فیصد ٹیکس ہوگا۔ ماہانہ 75 ہزار روپے سے زائد کے بجلی بل میں 35 فیصد ٹیکس لاگو ہوگا ۔ صدارتی آرڈیننس کے تحت بجلی بلوں میں ایڈوانس ٹیکس نافذ ہوگا۔

مزیدخبریں