افغانستان کا مسئلہ سب کو ملکر حل کرنا ہوگا: عمران خان

12:51 PM, 17 Sep, 2021

دوشنبے: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان پُرامن افغانستان کا خواہاں ہے ۔ افغانستان کا مسئلہ سب کو ملکر حل کرنا ہوگا ۔

شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت پر خوشی ہے ۔ تجارت ، روابط ، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تنظیم اہم پلیٹ فارم ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ، ہماری معیشت کو دہشتگردی کے دوران بہت نقصان پہنچا ۔ پاکستان نے دہشتگردی کی جنگ میں 80 ہزار جانیں قربان کیں ۔

انہوں نے کہا کہ خطے کو کئی چیلنجز درپیش ہیں ، ماحولیاتی تبدیلی دوسرا بڑا چیلنج ہے جو دنیا کو لاحق ہے ۔ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے ہم نے بلین ٹری منصوبہ شروع کیا ۔ ہم نے بہتر ماحول کیلئے شجر کاری شروع کی ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا سے پوری دنیا کی معیشتیں متاثر ہوئیں ، کورونا کے دوران ہم نے صحت کے ساتھ معاشی صورتحال پر بھی نظر رکھی ۔ پاکستان دنیا کے ساتھ ملکر کورونا کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا ۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا دو روزہ سربراہی اجلاس تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں جاری ہے ۔ افغانستان سے امریکا کے انخلا اور طالبان کے کنٹرول میں آنے کے بعد بڑھتی ہوئی سکیورٹی کی غیر یقینی صورت حال پر بات چیت ایجنڈے میں شامل ہے ۔

اجلاس میں پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا پُرتپاک خیرمقدم کیا گیا ۔ چین ، ازبکستان ، قازقستان اور کرغزستان کی قیادت اجلاس میں شریک ہے ۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اجلاس سے ورچوئل خطاب کریں گے ۔

اجلاس کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان صدر تاجکستان سے ملاقات کیلئے صدارتی محل جائیں گے ، دونوں ممالک کے وفود کی سطح کی ملاقاتیں بھی ہوں گی ، مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط اور دونوں ممالک کے لیڈران کی مشترکہ پریس کانفرنس بھی ہوگی ۔

مزیدخبریں