شمالی وزیرستان میں فورسز کا ایکشن، جھڑپ کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک  

08:01 AM, 17 Sep, 2021

راولپنڈی: شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں خفیہ اطلاع پر فورسز کے آپریشن میں 2 دہشتگرد مارے گئے ہیں۔ دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد ہوا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے دوران پاک فوج کے 7 جوان شہید جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشتگرد بھی مارے گئے تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزا میں خفیہ معلومات پر آپریشن کیا تھا۔

اس سے قبل دتہ خیل میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا تھا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے تھے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی پناہ گاہوں سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا تھا۔

شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں بھی سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا تھا جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا تھا۔

اسی طرح گزشتہ ماہ 31 اگست کو جنوبی وزیرستان کے ضلع عثمان منزہ میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے ایریا کلیئرنس کے دوران دھماکا ہوا۔

دھماکے کے نتیجے میں سپاہی واجد اللہ شہید ہو گئے۔ دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے سکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیا تو فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔

اس سے قبل دہشتگردوں نے افغان علاقے سے پاکستانی چوکی کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج نے دہشتگردوں کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔ پاک فوج کی کارروائی میں تین دہشت گرد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ہیں جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 اہلکار شہید ہوئے۔ پاکستان نے افغان سرزمین دہشت گرد حملے کے لیے استعمال ہونے پر شدید احتجاج کیا تھا۔

28 اگست کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔ پاک فوج کے اہلکاروں کے پہنچتے ہی دہشت گردوں نے فورس پر فائرنگ کی، جس پر اہلکاروں نے بھرپور مقابلہ کیا اور جوابی فائرنگ کی۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا اور باقی دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے زیراستعمال ہتھیار اور گولیاں بڑی تعداد میں برآمد کی گئیں ہیں۔

یاد رہے کہ بائیس اگست کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا، جس کے قبضے سے ہتھیار اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد کے ساتھیوں کی تلاش اور موجودگی کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقے میں کئی گھنٹے طویل آپریشن کیا تھا۔

اس سے قبل 17 اور 18 اگست کی درمیانی شب جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں نے فوجی چوکی پر فائرنگ کی تھی، فائرنگ کے نتیجے میں نائب صوبیدار سونے زئی شہید ہوگئے تھے اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد بھی ہلاک ہو گیا تھا۔

مزیدخبریں