اسلام آباد: قومی ایئرلائن پی آئی اے نے سعودی عرب جانے والے بکنگ شروع کر دی ہے۔ سفری پابندیوں میں نرمی کے بعد پی آئی اے مسافروں کیلئے خصوصی پروازیں شروع کرے گا۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی ہفتہ وار 23 پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔ 30ستمبرتک جدہ، مدینہ، ریاض اور دمام کے لیے مزید 28 پروازوں کی اجازت طلب کی تھی۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب رہائشی، اقامہ ہولڈر یا وزٹ ویزہ رکھنے والے مسافر سعودی عرب کا سفر کر سکتے۔ سعودی عرب جانے والے مسافروں کو 48 گھنٹے میں کورونامنفی ٹیسٹ فراہم کرنا لازمی ہو گا۔
سعودی عرب نے کورونا وائرس کی وجہ سے عائد بین الاقوامی مسافر پروازوں کی آمد پر پابندیاں پندرہ ستمبر سے نرم کر دی ہیں۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق سب سے پہلے وہ پابندیاں ختم کی جائیں گی کورونا وائرس کے باعث6 ماہ قبل عائد کی گئی تھیں۔حکومتی اعلان کے مطابق 15 ستمبر سے خلیجی ممالک کے شہری اور سعودی عرب کے رہائشی ویزوں کے حامل غیرملکی باشندے بذریعہ ہوائی جہاز سعودی عرب جا سکیں گے اور انہیں ملک میں داخلے کی اجازت دے دی جائے گی۔
قومی ایئرلائن(پی آئی اے) نے اربعین کے موقع پر عراق کے لیے بھی خصوصی پروازیں چلانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ خصوصی پروازیں 27 ستمبر سے 5 اکتوبر تک چلائی جائیں گی جبکہ پی آئی اے نے نجف اور بغداد کے لیے خصوصی پروازوں کا شیڈول بھی جاری کیا ہے۔قومی ائر لائن کے سی ای او ارشد ملک نے کہا کہ خصوصی پروازوں کا انعقاد پی آئی اے کی ہمیشہ سے روایت رہی ہے۔
قومی ایئرلائن کی خصوصی پروازیں کراچی، اسلام آباد اور لاہور سے نجف اور بغداد کے لیے روانہ ہوں گی جس میں زائرین کے لیے کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان اور دیگر شہروں سے پرکشش کرایہ متعارف کرایا گیا ہے۔