پروٹیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں جیت کا سلسلہ جاری رکھیں گے، روہت شرما

04:30 PM, 17 Sep, 2019

موہالی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز روہت شرما نے کہا ہے کہ پروٹیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرﺅنگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور اپنی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں فتوحات دلانے کے لئے پرعزم ہیں۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ کل جمعرات کو موہالی کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں شرما نے کہا کہ انکی ٹیم نے پروٹیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے حکمت عملی تیار کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کےلئے مربوط حکمت عملی کے تحت جیت کےلئے ٹیم کو میدان میں اتاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ پروٹیز کا شمار ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی اچھی ٹیموں میں ہوتا ہے تاہم انکی ٹیم بہترین کھلاڑیوں کا مجموعہ ہے جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ روہت شرما نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور مہمان ٹیم کے خلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کےلئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہیں۔

مزیدخبریں