پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، وزیراعظم عمران خان

08:38 AM, 17 Sep, 2019

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔ سعودی عرب کے امن اور عالمی معیشت کو نشانہ بنانے کی ہر کوشش کا مقابلہ کیا جائے گا۔

سعودی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم عمران خان کا ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی تیل تنصیبات پر حملے کی مذمت کی۔شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب تخریب کاروں کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سعودی عرب کی دو بڑی آئل فیلڈز پر ڈرون حملے کیے گئے تھے جن میں آرامکو کمپنی کے بڑے آئل پروسیسنگ پلانٹ عبقیق اور مغربی آئل فیلڈ خریص شامل ہیں۔

ان حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں سخت کشیدگی پائی جاتی ہے اور ساتھ ہی تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جبکہ امریکا نے براہ راست ان حملوں کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا ہے تاہم ایران نے اِن الزامات کی تردید کی ہے۔

اس سب کے بعد یمن کے معاملے پر سعودی عرب کی سربراہی میں بنائے گئے عرب عسکری اتحاد نے تیل کی تنصیبات پر حملے میں ایرانی ہتھیار کے استعمال کا الزام لگایا ہے۔

مزیدخبریں