اسلام آباد : قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، سابق کپتان سلمان بٹ اور عابد علی نے سنچریاں بنائیں جبکہ عطا اللہ اور کاشف بھٹی نے پانچ، پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ واپڈا کے کپتان سلمان بٹ نے لاہور بلیوز کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 129 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، یہ ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کی 22 ویں سنچری ہے۔
حبیب بنک کے اوپنر عابد علی نے لاہور وائٹس کے خلاف عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 131 رنز بنائے جس میں 19 چوکے شامل تھے۔ نیشنل بنک کے فاسٹ بائولر عطا اللہ نے پشاور ریجن کے خلاف عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں، اسی طرح سوئی سدرن گیس کارپوریشن کے کاشف بھٹی نے ملتان ریجن کے خلاف میچ میں شاندار بائولنگ کی اور پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔