نیویارک : پاکستانی فٹ بال فیڈریشن نے فٹ بال ٹیم کی تاریخی فتح کے اثر کو زائل کرنے اور فیڈریشن کی ساکھ کو خراب کرنے پر فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان کلیم اللہ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
کلیم اللہ کو جاری نوٹس میں انہیں فٹ بال فیڈریشن کے ضابطہ اخلاق کی دو شقوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا گیا ہے اور 29 ستمبر تک شوکاز نوٹس کا جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ایشین گیمز میں نیپال کے خلاف فتح کو سراہنے کی بجائے آپ نے نا صرف پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو کمتر دکھانے کی کوشش کی بلکہ میڈیا میں بے بنیاد بیانات کے ذریعے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی ساکھ کو بھی خراب کرنے کی کوشش کی ۔
شوکاز نوٹس میں کلیم اللہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ بتائیں کہ فیڈریشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور میڈیا میں بے بنیاد بیانات دینے پر ان کا کیس پی ایف ایف کی اخلاقی اور ڈسپلنری کمیٹی کو کیوں نہ بھیجا جائے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے لیے لگائے گئے تربیتی کیمپ میں شرکت نہ کرنے پر کلیم اللہ کو ایونٹ کے لیے منتخب کی گئی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔
انہوں نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا تھا کہ پی ایف ایف معاملات کو پروفیشنل انداز میں نہیں چلا رہی، ہمارے پاس ایک بھی اپنا اسٹیڈیم یا ٹریننگ سینٹر نہیں جس میں ہم عالمی معیار کی ٹریننگ کرسکیں۔