لاہور: پاکستان کی معروف گلوکارہ نازیہ حسن کی زندگی پر فلم بنانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں ، اس بات کا اعلان ان کے سابق شوہر کی جانب سے سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معروف گلوکارہ نازیہ حسن کے شوہر کے اس بات اعلان کیا ہے کہ وہ گلوکارہ کی زندگی پر فلم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔
نازیہ حسن کے بھائی اور خاندان کے دیگر افراد اس فیصلے سے بالکل خوش نہیں ہیں ، نازیہ حسن کے بھائی زوہیب حسن نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوبھی اس قسم کی کوشش کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی جس کا ہم حق رکھتے ہیں۔
زوہیب حسن نے کہا کہ ان کے پاس نازیہ حسن کی گلوکاری کے حقوق ہیں اور ان سے متعلق ہر فیصلے کا اختیار رکھتے ہیں اگر کسی نے بھی ان کی ذاتی زندگی کو پیسے کمانے کیلئے استعمال کیا تو بھرپور کارروائی کی جائے گی ۔
دوسری جانب نازیہ حسن کے سابق شوہر اشتیاق بیگ نے اس حوالے سے کسی قسم کو کوئی بیان نہیں دیا ہے ، خیال رہے کہ گلوکارہ نے 1995 میں صنعت کار میاں اشتیاق بیگ سے شادی کی، جن سے انہیں ایک بیٹا بھی ہے، تاہم ان کی شادی کامیاب نہ ہوسکی اور دونوں کے درمیان سال 2000 میں طلاق ہوگئی۔
طلاق کے کچھ ہی ہفتوں بعد وہ پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث چل بسیں ، یہ حسن نے اپنے کیریئر کا آغاز 1975 میں پی ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک بچوں کے پروگرام 'کلیوں کی مالا' سے کیا، جہاں انہوں نے اپنا پہلا گانا 'دوستی ایسا ناتا' گایا تھا۔