نیویارک: سام سنگ کےنئے فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 9 نے نیویارک میں ایک خاتون کے پرس میں اچانک آگ پکڑلی۔
سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 9 اگست میں متعارف کرایا گیا تھا اور اب کمپنی کو اس وقت دھچکے کا سامنا کرنا پڑا جب نیویارک میں ایک خاتون کے پرس میں رکھی ڈیوائس نے اچانک آگ پکڑلی۔
مگر 3 ستمبر کو نیویاری کی رہائشی ڈائنا چنگ نے کمپنی کے خلاف ایک مقدمہ دائر کیا جس میں بتایا گیا کہ گلیکسی نوٹ 9 استعمال کے دوران اچانک بہت زیادہ گرم ہوگیا۔
ایسا ہونے پر خاتون نے فون کا استعمال روک کر اسے پرس کے اندر رکھ دیا مگر کچھ دیر بعد ہی اسے سیٹی اور کھرچنے جیسی آواز سنائی دی اور اس نے پرس سے دھواں نکلتے ہوئے دیکھا۔
خاتون نے کوئنز سپریم کورٹ میں دائر مقدمے میں بتایا کہ انہوں نے فرش پر پرس خالی کرکے فون کو نکالا مگر آگ اس وقت تک نہیں رکی، جب تک ایک شخص نے کپڑے میں فون کو پکڑ کر پانی کی بالٹی میں نہیں ڈال دیا۔
اس مبینہ آتشزدگی کے واقعے نے گلیکسی نوٹ 7 کی یاد دلا دی جو کہ 2016 میں سام سنگ کے لیے بھیانک خواب ثابت ہوا تھا۔گلیکسی نوٹ 7 کے پھٹنے میں بیٹریوں کو ذمہ دار قرار دیا گیا تھا، جس کے بعد کمپنی نے بیٹریوں کی 8 نکاتی جانچ پڑتال کو اپنایا تھا۔
گزشتہ ماہ سام سنگ کے موبائل بزنس کے سربراہ ڈی جے کو نے کہا تھا کہ گلیکسی نوٹ 9 کی بیٹری محفوظ ترین ہے، صارفین کو اب اس کے حوالے سے فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں۔