اسلام آباد: وزیراعظم ہاوٴس اسلام آباد کے زیر استعمال بم پروف گاڑیوں سمیت 102 قیمتی گاڑیوں کی نیلامی جاری ہے اب تک 70 گاڑیاں نیلام ہو چکی ہیں۔نیلامی کے لیے رکھی گئی گاڑیوں میں 1994 سے 2016 ماڈل کی گاڑیاں شامل ہیں۔ 28 مرسڈیز، آٹھ بی ایم ڈبلیوز اور مختلف اقسام کی دیگر گاڑیاں نیلامی میں شامل ہیں۔
نیلام ہونے والی گاڑیوں میں چار 5000 سی سی والی بلٹ پروف گاڑیاں بھی شامل ہیں ایک پانچ ہزار سی سی مرسڈیز بینز بلٹ پروف جیپ ایک کروڑ 22 لاکھ میں نیلام ہوئی ۔ دوسری بلٹ پروف مرسڈیز بینز جیپ ایک کروڑ 45 لاکھ میں نیلام ہوئی. تیسری بلٹ پروف مرسڈیز جیپ 93 لاکھ اور چوتھی 86 لاکھ میں نیلام ہوئی.اس طرح ان چاروں مرسڈیز گاڑیوں کی نیلامی 4 کروڑ 46 لاکھ میں ہوئی ۔
وزیراعظم ہاؤس کی فروخت کے لیے پیش گاڑیوں سے متعلق شرائط میں کہا گیا تھا کہ نیلامی بند لفافہ میں دی گئی بڑی پیشکش سے شروع کی جائے گی اور سب سے زیادہ قیمت لگانے والا گاڑی کا مالک ہو گا۔حکام یہ بات بھی واضح کر چکے ہیں کہ گاڑی خریدنے والے کو اس پر عائد بھاری ٹیکس بھی ادا کرنا ہو گا۔ خریدار کو گاڑی کی بولی کے لیے دی گئی رقم کا دس فیصد ابتداء میں جب کہ باقی رقم سات روز میں ادا کرنا ہو گی جس کے بعد گاڑی حوالے کی جائے گی۔
تحریک انصاف کی سربراہی میں قائم اتحادی حکومت کو توقع ہے کہ ان گاڑیوں کی فروخت سے کروڑوں روپے کی آمدن ہو سکے گی۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کہہ چکے ہیں کہ گاڑیوں کو ان کی مارکیٹ قیمت سے زائد پر فروخت کیا جائے گا۔