لاہور: سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شریک ہونے کے بعد نواز شریف، مریم نواز اور صفدر کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے جاتی امرا سے اڈیالہ جیل روانگی کے وقت والدہ سے ملاقات کی۔ والدہ کو الوداع کہتے ہوئے ماحول افسردہ ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق والدہ نے میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو دعائیں دیں۔ والدہ نے بیٹے کو تسلی دیتے ہوئے کہا ہمت نہیں ہارنا یہ اللہ کی آزمائش ہے۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا ماں جی گھبرانا نہیں مشکل وقت ہے جلد گزر جائے گا۔ سابق وزیراعظم نے شہباز شریف کو والدہ کا خیال رکھنے کی خصوصی ہدایت کی۔
اڈیالہ جیل روانگی سے پہلے محمد نواز شریف کی والدہ سے ملاقات، والدہ کی دعائیں لے کر نواز شریف کی جاتی عمرہ سے روانگی. pic.twitter.com/fHfidlhulb
— PML(N) (@pmln_org) September 17, 2018
یاد رہے 11 ستمبر کی رات گئے تینوں ملزموں کو پیرول پر رہا کیا گیا تھا جس کے بعد صوبائی کابینہ نے پیرول کی مدت میں آج دوپہر تک توسیع کر دی تھی۔ سابق وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف نے محکمہ داخلہ پنجاب کو نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پیرول پر 5 دن کیلئے رہا کرنے کی درخواست دی تھی۔