اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نواز شریف کی سزا معطلی کی اپیل سننے کے خلاف نیب کی درخواستیں مسترد کردیں۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نیب کی درخواستوں پر سماعت کی جس دوران جسٹس ثاقب نثار نے نیب پراسیکیوٹر اکرم قریشی کی سرزنش کی۔
جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ نیب اس طرح کی فضول درخواستیں کیوں دائر کرتا ہے؟۔ ہائیکورٹ نے بہتر سمجھا ہو گا کون سی درخواستوں کو پہلے سنناہے اگر عدالت کوئی حکم دے یا سزا معطل کرے تو اس کے خلاف اپیل لائی جا سکتی ہے۔ نیب آئندہ اس طرح کی فضول درخواستیں دائر کرنے سے محتاط رہے۔
چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر سے سوال کیا کہ ہائیکورٹ کے حکم میں غیر قانونی بات کیا ہے؟ یہ تو مکینزم کی بات ہے کہ لوگوں کو انصاف ملنا چاہیے۔
عدالت نے نواز شریف کی سزا معطلی کی اپیل پہننے سننے کے خلاف نیب کی درخواستیں مسترد کر دیں جب کہ عدالت نے نیب پر 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔