پاکستا ن نے شاندار فتح کیساتھ ایشیاءکپ میں اپنے سفر کا آغاز کر دیا

10:35 AM, 17 Sep, 2018

دبئی : ایشیاءکپ ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 8وکٹوں سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم نے ہانگ کانگ کی جانب سے دیا گیا 117 رنز کا ہدف 2وکٹوں کے نقصان پر 24 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہانگ کانگ کے کپتان انوشمان رتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ہانگ کانگ کی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو نزاکت خان اور انشومان رتھ میدان میں آئے جبکہ پاکستان کی جانب سے پہلا اوور محمد عامر نے پھینکا، پانچویں اوور میں رن لینے کی کوشش کے دوران شاداب خان نے زبردست فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نزاکت خان کو رن آوٹ کیاجو 17 کے مجموعی جبکہ 13 کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹے۔

فہیم اشرف نے 19رنز بنانے والے کپتان انشومن رتھ کو سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا، کرسٹوفر کارٹر2رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر امام الحق کو کیچ تھما کر پوویلین لوٹے جب کہ شاداب خان نے باؤلنگ سپیل کی پہلی بال پر 7رنز بنانے والے بابر حیات کو سرفراز احمد کے ہاتھوں سٹمپ آوٹ کروایا ، احسان خان بغیر کوئی رن بنائے شاداب کی گگلی پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ، کنچت شاہ اور اعزاز خان نے چھٹی وکٹ کیلئے 53رنز جوڑے جس کے بعد اعزاز خان 27رنز بنا کر عثمان شنواری کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے جنہوں نے اسی اوور میں سکاٹ میکنزی اور تنویر افضل کو بھی پوویلین بھیج دیا ،کنچت شاہ کو26رنز پر حسن علی نے اپنا دوسرا شکار بنایا ، احسان نواز 9رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے اور ہانگ کانگ کی پوری ٹیم116رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کیلئے عثمان شنواری نے 3، حسن علی اور شاداب خان نے 2،2جبکہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ لی۔پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کیلئے 41رنز جوڑے جس کے بعد فخر زمان 24رنز بنا کر آو¿ ٹ ہوئے ، بابر اعظم اور امام الحق نے دوسری وکٹ کیلئے 53رنز جوڑے جس کے بعد بابر اعظم32رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے ،امام الحق نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی نصف سنچری مکمل کی اور شعیب ملک کے ساتھ ملکر پاکستان کو جیت دلائی،امام50اور شعیب ملک9رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ہانگ کانگ کیلئے احسان خان نے دونوں وکٹیں لیں۔

مزیدخبریں