ملک کے 5فیصد امیر طبقے کے لوگ ٹیکس ادا نہیں کرتے، چئیرمین ایف بی آر

04:35 PM, 17 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی: چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے بیان دیا ہے کہ پاکستان میں سب سے امیر 5 فیصد آبادی ٹیکس ادا نہیں کر رہی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کا مقصد ٹیکس کی شرح میں مزید اضافہ نہ کرنا ہے۔

محمود لنگڑیال نے کہا کہ گزشتہ 2 سے 3 سال ملک کی معیشت کے لیے بہت مشکل گزرے ہیں، لیکن اب حالات بہتر ہو رہے ہیں، اور انہیں امید ہے کہ شرح سود میں 2 فیصد کمی ہو سکتی ہے۔

ایک موقع پر، انہوں نے ایک افسر سے پوچھا کہ ریفنڈز کی رقم کیسے طے کی جاتی ہے، جس پر افسر نے بتایا کہ جعلی ریفنڈز پر زیادہ پیسے دیے جاتے ہیں، جبکہ جائز ریفنڈز کے لیے کم رقم ملتی ہے۔

یہ خیالات انہوں نے کراچی میں ایف پی سی سی آئی کے عہدیداروں اور کاروباری برادری کے ساتھ ملاقات کے دوران پیش کیے، جہاں ایف بی آر کی سینئر ٹیم اور مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ایف پی سی سی آئی نے تاجروں کے مسائل اور مطالبات بھی پیش کیے۔

چیئرمین ایف بی آر نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ٹیکس کے بوجھ کو کم کرنے اور تعمیل کو بڑھانے کے لیے ٹیکس کی شرحوں میں کمی ہونی چاہیے، لیکن موجودہ حالات میں یہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیر ترین 5 فیصد آبادی بھی ٹیکس نہیں دے رہی، اور ایف پی سی سی آئی کا مطالبہ بجا ہے کہ ٹیکس چوروں کو نشانہ بنایا جائے، نہ کہ ان لوگوں کو جو طویل عرصے سے ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں