پاکستان کی سب سے سستی اور تیز ترین ای وی موٹر سائیکلز متعارف

04:15 PM, 17 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

کراچی: ای ٹربو موٹرز نے پاکستان میں الیکٹرک موٹرسائیکلز کی ایک نئی رینج متعارف کر کے EV انڈسٹری میں ایک نیا معیار قائم کیا ہے۔ اس حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سندھ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام مہمان خصوصی کے طور پر شامل ہوئے۔

یہ موٹرسائیکلز ایک ہی چارج میں 300 کلومیٹر تک کا سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جو کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی ٹرانسپورٹ کی ضروریات کے لیے ایک سستا اور ماحول دوست حل ہے۔ کمپنی نے 500 ملین روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ کراچی کے سائٹ ایریا میں جدید پیداواری سہولت قائم کی ہے، جس کی ابتدائی پیداوار 10,000 یونٹس سالانہ ہے اور مستقبل میں اسے بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔

کمپنی کے سی ای او، شیخ اسامہ ندیم، نے بتایا کہ نئی موٹرسائیکلز کو نوجوانوں، خواتین اور مردوں کی مختلف ضروریات کو مدنظر رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے۔

ای ٹربو موٹرز نے مختلف ماڈلز متعارف کرائے ہیں، جن میں ECO ویریئنٹ 60 وولٹ کی لیتھیئم بیٹری کے ساتھ ہے اور یہ 200 کلومیٹر تک کا سفر کر سکتی ہے۔ Warrior اور EVO ویریئنٹس 72 وولٹ بیٹری سے لیس ہیں اور 120 کلومیٹر کی رفتار سے 300 کلومیٹر تک کا سفر کر سکتی ہیں۔ PULSAR ماڈل 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ 230 کلومیٹر تک جا سکتی ہے۔

چھوٹے سفر کے لیے، کمپنی نے Thunderbolt اور Thunderbird موٹرسائیکلز بھی متعارف کرائی ہیں، جو 110-120 کلومیٹر تک کا سفر کر سکتی ہیں۔

مزیدخبریں