پاکستانی و بھارتی اداکاروں کا فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

11:49 AM, 17 Oct, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری جنگ کی پر پاکستان و بھارتی اداکاروں نے ردعمل دیتے ہوئے فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیل کی جارحیت کےخلاف آواز اٹھاتے ہوئے فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار  کیا۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں کے باعث اداکارہ ماہرہ خان بھی غمگین ہیں۔ ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر اسرائیلی بربریت کا شکار معصوم فلسطینی بچوں سےیکجہتی کا اظہار  کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک تصویر میں ایک بچہ بمباری سے متاثرہ علاقے میں فلسطین کا پرچم اپنے جسم پر لپیٹے کھڑا ہے اور اس تصویر کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ کاش بم گرنے پر میں تمہیں اپنے دل میں چھپا سکتا۔ ماہرہ خان نے اس تصویر پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ 'کاش، کاش ،کاش'۔

 

بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم  نے بھی فلسطین کے مظلوموں کے لیے آواز اٹھا ئی۔ عاطف اسلم نے اسرائیلی فوج کی بربریت کا نشانہ بننے والے مظلوم فلسطینیوں کے لیے سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔

 
اپنے پیغام میں عاطف اسلم نے کہا کہ فلسطین میں معصوم جانوں کےضیاع کا غم ہے، آئیں مل کر ساتھ کھڑے ہوجائیں۔ عاطف اسلم نے مزید کہا کہ فلسطین میں زخمیوں کےعلاج اور قیام امن کے لیے دعا گو ہیں۔

پاکستانی ادکارہ صبا قمر بھی اسرائیل کی فلسطینیوں پر جارحیت پر ٖغمزدہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ  ایکس پر اداکارہ صبا قمر نے 'دریا سے سمندر تک، فلسطین آزاد ہوگا' کا نعرہ لکھا۔

خبر رساں ادارے انسائڈرکے مطابق یہ نعرہ دنیا بھر کے فلسطینیوں کی جانب سے استعمال کیا جاتا ہے اور یہاں دریائے اردن اور بحیرۂ روم مراد ہے، جو اسرائیل کی ریاست کی سیاسی سرحدیں ہیں۔

پاکستانی اداکارہ ارمینہ خان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پرلکھا کہ میری رائے میں فلسطینی دنیا میں سب سے بہادر لوگ ہیں، انہیں کسی کی سپورٹ نہیں ہے اور دنیا ان کے خلاف ہے، میرے خدا میں ان چھوٹے بچوں کے لیے خوفزدہ ہوں جو اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔

 

 

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ لوگ جو شاید نہیں جانتے کہ غزہ ایک کھلی جیل کی طرح ہے، وہاں رہنے والے لوگ آسانی سے اپنے گھر سے باہر نہیں جا سکتے اور انہیں بھوکا رہنا پڑتا ہے اور قتل کردیے جاتے ہیں اور پھر آپ کہتے ہیں کہ وہ ان مظالم کا جواب بھی نہ دیں؟

اسی طرح  ٹی وی میزبان انوشے اشرف نے انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ 'تشدد، تشدد کو جنم دیتا ہے، میری خواہش ہے کہ دنیا فلسطین کی مدد کرے تاکہ ہم اس طرح کی خونریزی نہ دیکھیں'۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں کے باعث جہاں ہر آنکھ اشک بار ہے وہیں پاکستانی اداکاروں کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ اداکار بھی غمگین ہیں۔ 

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور نے اسرائیل کی حامی اپنی بھارتی حکومت کے برعکس غزہ میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز اُٹھاتے ہوئے  اپنی انسٹا اسٹوری پر  نکولس کرسٹوف کے تحریر کردہ ایک مضمون کا اقتباس شیئر کیا ہے۔

اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی اس پوسٹ میں اسرائیلی بچوں کی حمایت کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطینی بچوں پر ہونے والے ظلم کی مذمت بھی کی گئی ہے۔

بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے اپنی انسٹا اسٹوری پر غزہ کے اسپتال کی ایک ویڈیو بھی شیئر  کی،  اس ویڈیو میں ایک فلسطینی ڈاکٹر کو غزہ میں موجود فلسطینیوں کی حالتِ زار بتاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکارہ نے یہ دل دہلا دینے والی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ 'رحم کرو'۔

اس کے علاوہ بولی وڈ اداکارہ گوہر خان نے بھی اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کی حمایت میں سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے سوال کیا کہ ظالم کب سے مظلوم ہو گیا؟ ظلم و ستم کی سالہا سال تاریخ سے اندھی دنیا کے لیے اب دیکھنا آسان ہوگیا ہے۔

 

 
 

واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 2800 سے تجاوز کر گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شہید ہونے والوں میں ایک ہزار سے زائد بچے بھی ہیں۔

مزیدخبریں