سیکیورٹی فورسز کا وزیرستان میں آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک، 2 فوجی شہید

سیکیورٹی فورسز کا وزیرستان میں آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک، 2 فوجی شہید
سورس: File

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شمالی و جنوبی وزیرستان میں جھڑپوں میں فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں دو دہشتگرد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا جبکہ دفاع وطن کے لیے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بناتے ہوئے  آپریشن کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔


شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے سپاہی ساجد اعظم نے جام شہادت نوش کیا،31 سال کے سپاہی ساجد اعظم کا تعلق کوٹلی آزاد کشمیر سے تھا۔ 

دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں بھی سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ  دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے سپاہی وارث خان نے جام شہادت نوش کیا،27 سال کے سپاہی وارث خان شہید کا تعلق کرک سے تھا۔


آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ افواجِ پاکستان ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

مصنف کے بارے میں