حکومت کو سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی، امریکا نے صدر جوبائیڈن کا پاکستانی ایٹمی اثاثوں سے متعلق بیان واپس لے لیا 

11:41 PM, 17 Oct, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی حکومت کو سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی ملی ہے ۔ امریکا نے صدر جوبائیڈن کے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے حوالے سے بیان کو واپس لے لیا ہے۔ امریکہ نے کہا ہے کہ اسے اعتماد ہے کہ پاکستان اپنے نیوکلیئر ہتھیاروں کی حفاظت کر سکتا ہے۔ 

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویڈنٹ پٹیل نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ امریکا کو اعتماد ہے کہ پاکستان اپنے نیوکلیئر ہتھیاروں کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ امریکا کو پاکستان کی جانب سے اپنے جوہری ہتھیاروں کو محفوظ بنانے کی کمٹمنٹ اور صلاحیت پر اعتماد ہے۔

واضح رہے کہ بدھ کو  امریکی صدر جو بائیڈن کے پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کے بارے  میں بیان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی آئی تھی۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ پاکستان خطرناک ترین ممالک میں سے ایک  ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے ڈیموکریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی کی ایک فنڈ ریزنگ تقریب میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان دنیا کے خطرناک ترین ملکوں میں سے ایک ہے جس کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ ہے۔

امریکی صدر کے بیان پر پاکستان نے شدید ردعمل دیتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ دیا تھا اور کہا تھا کہ جوبائیڈن کے غیر ضروری ریمارکس پر پاکستان کو مایوسی اور تشویش  ہے۔ان کا بیان زمینی حقائق پر مبنی نہیں ۔

مزیدخبریں