لاہور : نشتر ہسپتال میں لاشوں کی بے حرمتی پر وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے بڑا قدم اٹھایا ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ پر ہسپتال کے 3 ڈاکٹرز ، 3 ملازمین اور 2 ایس ایچ اوز کو معطل کردیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے ٹویٹ کے مطابق نشتر ہسپتال ملتان کے واقعہ پر انکوائری رپورٹ کی روشنی میں غفلت کےذمہ دارہسپتال کے 3 ڈاکٹرز،3 ملازمین اورمتعلقہ تھانوں کے 2ایس ایچ اوزکومعطل کردیاگیا ہے۔نشترمیڈیکل یونیورسٹی ملتان کےشعبہ اناٹومی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر مریم اشرف،ڈاکٹر عبدالوہاب اور ڈاکٹر سیرت عباس کوعہدوں سے ہٹا دیا گیا ۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت بھی کارروائی ہو گی۔ کسی بھی صورت میں لاشوں کے ساتھ ایسا برتاؤ قبول نہیں۔اس گھناؤنے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔ دین اسلام میں لاشوں کی تجہیز و تدفین کی تعلیمات بالکل واضح ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ لاشیں چھت پر پھینک کر غیر انسانی فعل کا ارتکاب کیا گیا ہے۔ لاشوں کی بے حرمتی کا واقعہ ناقابل برداشت ہے۔