اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں ان کے فیصلے تک الیکشن نہیں ہوگا۔ جب سے ایک آدمی اسلام آباد تعینات ہوا ہے اعظم سواتی جیسے واقعات ہو رہے ہیں۔ آرمی چیف میرٹ پر آنا چاہیے۔ نواز شریف اور زرداری کو کسی صورت آرمی چیف کی تعیناتی نہیں کرنی چاہیے۔ چاہتا ہوں نواز شریف واپس آئے اور اس سے مقابلہ ہو۔اداروں سے تصادم نہیں چاہتا۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں عمران خان نے سینیٹر اعظم سواتی کے ٹوئیٹ کے معاملے پر یو این سمیت دیگر اِنسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے رابطہ کرنے کا اعلان کیا۔
عمران خان نے کہا کہ مجھے علم ہے جب سے ایک آدمی اسلام آباد پوسٹ ہوا ہے اعظم سواتی جیسے واقعات پیش آر ہے ہیں۔ مطالبہ کرتا ہوں اس کے خلاف ایکشن لیا جائے اگر اس نے آرمی چیف کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے تو مجھے امید ہے چیف کو بھی علم نہیں ہوگا۔ یہ آدمی اداروں کو بدنام کر رہا ہے۔
عمران خان نے مذاکرات کے سوال پر کہا کہ مذاکرات ہو بھی رہے ہیں اور نہیں بھی ہو رہے۔ بیک چینل پر جو کچھ ہوا ہے اس میں کلئیرٹی نہیں ۔کلئیرٹی اس لئے نہیں کہ نواز شریف ڈرا ہوا ہے انتخاب سے۔ان سے مذاکرات کرنا بہت مشکل ہے۔ نوازشریف چاہتا ہے جو اس کے ساتھ ہوا وہ ختم ہوجائے پھر الیکشن ہو۔