کورونا کے بعد حالیہ سیلاب نے غربت میں اضافہ کیا ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

09:37 AM, 17 Oct, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان کو دیگر چیلنجز کی طرح غربت کے خاتمے کے چیلنج کا بھی سامنا ہے ۔ کورونا کے بعد حالیہ سیلاب نے غربت میں اضافہ کیا ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ آئیے غربت کے خاتمے کیلئے مشترکہ انسانیت کے جذبے سے اپنی کوششوں کو دگنا کرنے کا بیڑا اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے معاشرے کی تعمیر کریں جو غربت سے پاک ہو بلکہ ضرورت مندوں کو بااختیار بنائے ۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ غربت سے پورا معاشرہ متاثر ہوتا ہے ۔ غربت کے خاتمے کیلئے پائیدار معاش ، کاروباری مواقع اور پیداواری وسائل تک رسائی بہتر بنانا ہوگی ۔ سماجی تحفظ کا ایسا نظام پروان چڑھانا ہے جہاں وسائل اور مواقع پر یکساں رسائی ہو ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ احساس راشن پروگرام غربت کے خاتمے کیلئے ایک تاریخ ساز اقدام ہے ۔ 80 لاکھ مستحق خاندانوں کو گھی ، آٹا ، دالیں اور آئل 40 فیصد تک سستا فراہم کیا جا رہا ہے ۔ تمام اقدامات کا محور غریب آدمی کی فلاح ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تیز رفتار صنعتی عمل کے ذریعے روزگار کے زیادہ مواقع فراہم کرکے غربت میں کمی کی جاسکتی ہے ۔ معاشرے میں انتہا پسندانہ رویوں کے خاتمے کیلئے غربت کا سدباب ناگزیر ہے ۔ غربت کے خاتمے کیلئے ہر فرد اپنا مؤثر کردار ادا کرے ۔

مزیدخبریں