ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ، سکاٹ لینڈ نے بنگلہ دیش کو ہرادیا

10:49 PM, 17 Oct, 2021

المیرات : یواے ای اور عمان میں کھیلے جا رہے ہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے دن ہی بڑا اپ سیٹ ہوگیا ہے ۔ سکاٹ لینڈ کی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 6 رنز سے ہرادیا ہے۔ 

نیو نیوز کے مطابق عمان کے شہر المیرات میں کھیلنے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کے کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ 

سکاٹ لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے تھے ۔جس کے جواب میں بنگلہ دیش 134 رنز بناسکا۔ 

بنگلہ دیش کی طرف سے مشفق الرحیم نے سب سے زیادہ 38 رنز بنائے۔ محمد اللہ نے 23 ، شکیب الحسن نے 20 اور عاطف حسین نے 18 رنز کی اننگز کھیلی ۔

سکاٹ لینڈ کی طرف سے براڈ ویل نے 3 ، کرس گریوز نے دو  ، مارک واٹ اور جوش ڈیوی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ کرس گریوز کو شاندار آل راؤنڈر کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ 

  

قبل ازیں سکاٹ لینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور 5 رنز پر ہی پہلی وکٹ گر گئی تھی ۔ 12 ویں اوور میں سکاٹ لینڈ کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے اور اس کے صرف 53 رنز تھے۔ 

ساتویں اور آٹھویں نمبر پر کھیلنے آنے والے کرس گریوز اور مارک وٹ نے ٹیم کو سہارا دیا۔ اور آٹھویں وکٹ کی شرکت میں 51 رنز جوڑے ۔ مارک وٹ نے 17 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔ کرس گریوز نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

  

بنگلہ دیش کی طرف سے مہدی حسن نے تین ، مستفیض الرحمن اور شکیب الحسن نے دو دو جبکہ تسکین احمد اور محمد سیف الدین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔

مزیدخبریں