دبئی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ دیگر مقابلوں جیسا ایک میچ ہے۔پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے کبھی مختلف محسوس نہیں ہوا۔ میچ کا کوئی پریشر نہیں ہے۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران بھارتی کپتان سے جب پوچھا گیا کہ پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے کیا دیگر ٹیموں کے مقابلے میں مختلف احساس ہوتا ہے تو انہوں نے کہا کہ صحیح بات تو یہ ہے کہ مجھے ایسا کبھی محسوس نہیں ہوا
انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ اس مقابلے کے کسی کرکٹ میچ کی طرح کا سمجھتا ہوں، مجھے معلوم ہے کہ اس مقابلے کے حوالے سے لوگوں میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے اور اس کی ٹکٹوں کی بہت زیادہ مانگ ہے۔
ویرات کوہلی نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہائی پروفائل میچ کے لیے اپنے دوستوں کو مفت ٹکٹ دینے سے انکار کردیتے ہیں۔ اس وقت ٹکٹوں کی قیمت حیران کن حد تک بڑھ چکی ہے، تو میں جانتا ہوں کہ میرے دوستوں کی جانب سے ٹکٹوں کا کہا جائے گا اور میں انکار کردوں گا۔
ویرات کوہلی نے تسلیم کیا کہ روایتی حریفوں کے مقابلے کے حوالے سے مداحوں کا اشتیاق اور جوش و خروش اس میچ کو دیگر سے الگ کرتا ہے۔ آپ کہہ سکتے ہیں کہ ماحول مختلف ہے، مداحوں کے نکتہ نظر سے یہ یقیناً زبردست مقابلہ ہے، جہاں تک کھلاڑیوں کا نکتہ نظر ہے تو ہم جس حد تک پروفیشنل رہ سکتے ہیں ہمیں رہنا ہوگا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کا ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹاکرا ایونٹ کے دوسرے میچ میں 24 اکتوبر کو ہوگا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت میں ہونا تھا مگر کورونا وائرس کی وبا کے باعث اسے متحدہ عرب امارات میں منتقل کیا گیا ہے۔