المیرات : متحدہ عرب امارات اور عمان میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز ہوگیا ہے۔ ایونٹ کے کوالیفائنگ مرحلے کے پہلے روز دو میچ کھیلے جا رہے ہیں۔ افتتاحی میچ میں عمان اور پاپوا نیو گنی مدِ مقابل ہیں ۔پاپوانیوگنی نے پہلے کھیلتے ہوئے عمان کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف دیا ہے۔
نیو نیوز کے مطابق عمان کے شہر المیرات میں کھیلنے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کے کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے پہلے میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا ۔
پاپوا نیو گینی کے پہلے دو اوورز میں اوپنرز بغیر کوئی رنز بنانے پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کپتان اسد والا اور چارلس امینی کریز پر آئے جنہوں نے اپنی ٹیم کو سہارا دیا اور سکور 81 رنز تک پہنچایا۔
81 رنز پر چارلس امینی 37 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے اس کے بعد کپتان اسد والا بھی 102 رنز پر 56 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اسد والا اور چارلس کے علاوہ پاپوا نیوگینی کا کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہیں ہوسکا اور 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔
عمان کی طرف سے کپتان ذیشان مقصود نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ کلیم اللہ اور بلال خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے میں آج دوسرے میچ میں بنگلہ دیش اور سکاٹ لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔