الیکشن کمیشن پر الزامات ، اعظم سواتی 21 اکتوبر کو طلب 

04:22 PM, 17 Oct, 2021

اسلام آباد : الیکشن کمیشن پر الزامات لگانے  پر وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا گیا ہے۔ 

                                                      

نیو نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے اعظم سواتی کو 21 اکتوبر کو طلب کیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ  اعظم سواتی خود پیش ہوکر وضاحت دیں ۔چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی منظوری کے بعد نوٹس جاری کیا گیا۔ اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن کے پہلے نوٹس کا جواب نہیں دیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے 16 ستمبر کو  ادارے پر الزامات عائد کرنے پر وفاقی وزرا فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کیے تھے ۔ وفاقی وزرا کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفراقبال ملک  نے کی تھی۔

ذرائع کے مطابق پیمرا کی طرف سے الیکشن کمیشن کو وفاقی وزرا کے الزامات والے کلپس بھجوائے گئے تھے جن کا اجلاس میں تفصیلی جائزہ لیا گیا تھا ۔

جس کے بعد الیکشن کمیشن نے وفاقی وزرا فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کردیے  ان سے ادارے پر لگائے گئے الزامات کے ثبوت مانگے ہیں اور جواب طلب کیا گیا  تھا۔

واضح رہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور میں وفاقی وزیر اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر یلغار کردی تھی اور الزام عائد کیا کہ تھا الیکشن کمیشن حکومت کا مذاق اڑا رہا ہے اس نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں