کسی کے خلاف کیس بنانا حکومت کا ایجنڈا نہیں، فروغ نسیم

09:04 PM, 17 Oct, 2020

کراچی: وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کا تمام بیانیہ عدلیہ پر حملہ ہے لیکن اس کو برداشت نہیں کریں گے۔

کراچی میں پانچویں نیشنل جوڈیشل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عدلیہ کے خلاف بلاوجہ تنقید کی جاتی ہے۔ تنقید وہی کرے گا جس کو یا تو علم نہیں یا پھر جان بوجھ کر ایسی باتیں کرے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا تمام بیانیہ عدلیہ پر حملہ ہے حکومت اس کو برداشت نہیں کرے گی۔ پاکستان کے ادارے ہماری ریڈلائن ہے، ریڈلائن کا سب کواحترام کرنا ہو گا اور کرپٹ سیاسی لیڈرشپ کی وجہ سے پاکستان کے حالات یہاں تک پہنچے۔

فروغ نسیم کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کے کسی بیانیے میں جان نہیں اور تمام چیزیں متنازع بنانے کی ضرورت نہیں۔ کل کسی نے کہا پاناما کیس ایک سازش تھی۔ کیا وزیراعظم یا پھر عسکری قیادت نے کہا تھا ایون فیلڈ اپارٹمنٹس خریدیں۔ کیا آپ کوعمران خان یا فوج نے کہا کہ منی ٹریل نہ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ منی ٹریل آج دیدیں بات ختم ہو جائے گی کیونکہ جس کے پاس منی ٹریل ہو وہ پہلے ہی دے دیتا ہے اور ان کے پاس منی ٹریل نہیں ہے۔

وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ہمارا کسی کے خلاف کیس بنانے کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ ہمارے تو جعلی اکاؤنٹس نہیں ہے۔ وفاقی حکومت کا ایک بنیادی ایجنڈا رول آف لا ہے اور ملکی آئینی ادارے ہماری عزت ہیں جبکہ قانون کی بالادستی وفاقی حکومت کا ایجنڈا ہے۔

مزیدخبریں