تربت میں دہشتگردوں کا حملہ، ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی

06:25 PM, 17 Oct, 2020

راولپنڈی: بلوچستان کے جنوبی شہر تربت میں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تربت کے قریب جھکی پوسٹ کی پیٹرولنگ پارٹی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک وسیم اللہ شہید ہوگیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوان زخمی بھی ہوئے۔

خیال رہے کہ 15 اکتوبر کو بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے اورماڑا میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) کے کارواں پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 سیکیورٹی گارڈز سمیت سیکیورٹی فورسز کے 14 اہلکار شہید ہو گئے تھے۔ 

دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونے والے جوانوں میں ‘پنجاب کے ضلع لیہ سے تعلق رکھنے والے صوبیدار عابد حسین، سبی کے نائیک محمد انور، ڈیرا غازی خان سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک افتخار احمد، چکوال کے رہائشی سپاہی محمد نوید، بلوچستان کے ضلع پشین سے لانس نائیک عبداللطیف اور میانوالی سے تعلق رکھنے والے سپاہی محمد وارث شامل ہیں۔

خیبرپختونخوا کے علاقے لکی مروت سے تعلق رکھنے والے سپاہی عمران خان، حوالدار (ر) سمندر خان اور محمد فواد الدین’ بھی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہوئے۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے ‘ڈیرا اسمٰعیل خان سے تعلق رکھنے والے عطااللہ، ٹانک سے وارث خان، کوہاٹ سے عبدالنافع اور شاکراللہ، بنوں سے تعلق رکھنے والے عابد حسین’ بھی شہید ہوئے۔

مزیدخبریں