سشانت سنگھ راجپوت کے بھائی کے حوالے سے تشویشناک خبر

03:26 PM, 17 Oct, 2020

پٹنہ: آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے چچیرے بھائی اور بہار میں سپول ضلع کے چھاتا پور سے بی جے پی رکن اسمبلی نیرج ببلو کو دل کا دورہ پڑا ہے۔ انہیں پٹنہ کے ایک پرائیویٹ ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ بی جے پی رکن اسمبلی کو بدھ کی شام کو ہی ہارٹ اٹیک آیا تھا، جس کے بعد آنا فاناً میں دیر رات انہیں پٹنہ لایا گیا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ فی الحال ان کی حالت میں بہتری آ رہی ہے۔

واضح رہے کہ بی جے پی رکن اسمبلی نیرج ببلو نے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں کافی مضبوطی سے آواز اٹھائی تھی۔ انہوں نے کئی بار وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ذاتی طور پر اس معاملے کی جانچ سی بی آئی سے کروانے کا مطالبہ کیا تھا۔ وہ سشانت سنگھ راجپوت کے آخری رسوم میں شامل ہونے ممبئی بھی گئے تھے۔

واضح رہے کہ بدھ کو بہار میں اسمبلی انتخابات کے لئے بی جے پی نے 35 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں سشانت سنگھ راجپوت کے بھائی نیرج سنگھ کو بھی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ نیرج سنگھ کو چھاتا پور اسمبلی سے بی جے پی نے امیدوار بنایا ہے۔ نیرج سنگھ اس سیٹ سے تین بار رکن اسمبلی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ریاست میں تین مرحلے میں انتخابات ہوں گے۔ پہلے مرحلے کے تحت 71 سیٹوں پر 28 اکتوبر کو، دوسرے مرحلے کے تحت 94 سیٹوں پر 3 نومبر کو اور تیسرے مرحلے کے تحت 78 سیٹوں پر 7 نومبر کو ووٹنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 10 نومبر کو ہوگی اور نتیجے آئیں گے۔

خیال رہے کہ زی نیوز نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی تھی کہ اس معاملہ کی جانچ کررہی ایس آئی ٹی نے اپنی جانچ پوری کرلی ہے اور وہ کچھ ہی دنوں میں بہار کورٹ میں اپنی فائنل رپورٹ پیش کرنے والی ہے ۔ وہیں ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ سی بی آئی کو اس معاملہ میں کسی بھی طرح کی گڑبڑی کا شک نہیں ہے ، وہ اپنی کلوزر رپورٹ بہار کورٹ کے سامنے جلد ہی پیش کرے گی ۔

مزیدخبریں