لاہور: مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانوں سے جانوروں والا سلوک کر رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہئے، بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں ، معید یوسف نے بھارت سے کشمیر میں فوجی محاصرہ ختم اور نظر بند افراد کو رہا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آج بھی بھارت سے مذاکرات کیلئے مشروط طور پر تیار ہے، دنیا کو پاکستان میں بھارت کی دہشت گردی کے ثبوت ایک ایک کرکے گنوائے، عالمی امن کیلئے پاکستان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔
معید یوسف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور خوشحالی کیلئے کوشاں ہے، سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔ مشیر قومی سلامتی کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں، بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم سے خطے کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن اور ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہماری ترجیح ہے۔ اقتصادی راہداری خطے کی ترقی کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی امن کیلئے پاکستان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا تھا بھارت ایک قدم بڑھائے گا تو ہم 2 بڑھائیں گے، مودی کسی اور سمت کی طرف قدم بڑھا رہا ہے۔