فیملی کورٹ نے اداکارہ آفرین خان کو خلع کی ڈگری جاری کرد ی

12:12 PM, 17 Oct, 2020

لاہور:معروف سٹیج اداکارہ آفرین خان نے اپنے شوہر عدیل بھٹی سے خلع لے لی، لاہور کی فیملی کورٹ نے سٹیج اداکارہ آفرین خان کو خلع کی ڈگری جاری کردی۔


تفصیلات کے مطابق عدالت کے روبرو درخواستگزار آفرین خان نے رانا نوید ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ میرا شوہر عدیل بھٹی مجھ پر تشدد کرتا ہے جو میں برداشت نہیں کر سکتی، میں اس کے ساتھ مزید نہیں رہنا چاہتی۔


 درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت خلع کی ڈگری جاری کرنے کا حکم دے، عدالت نے آفرین خان کا بیان قلمبند کرنے کے بعد خلع کی ڈگری جاری کردی۔


خیال رہے کہ  رواں سال فروری میں سٹیج اداکارہ آفرین خان کی فحش تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔

تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد  لوگوں کی اکثریت کی یہ ہی رائے تھی کہ ایسی تصاویر کو اداکارہ کی جانب سےسستی شہرت حاصل کرنے کیلئے خود وائرل کیا گیا ہے۔


جس پر سٹیج اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں سستی شہرت کی ضرورت نہیں وہ پہلے سے ہی بہت مشہور ہیں اور ہر دل عزیز اداکارہ ہیں.


اداکارہ آفرین خان نے مزید بتایا تھا کہ فحش تصاویر وائرل ہونے سے وہ اور ان کے خاندان کے لوگ بہت پریشان ہیں اس سے قبل بھی بہت سی اداکارائوں کی عریاں تصاویر اور ویڈیو وائرل ہو چکی ہیں ۔


سٹیج ڈراموں سے منسلک فنکاروں کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے سٹیج ڈراموں کے تمام اداکاروں کو لوگ ایک ہی نظر سے دیکھتے ہیں –۔

مزیدخبریں