اسلام آباد:قطر ایئرلائنز کی بین الاقوامی پرواز میں کورونا وائرس سےبچاؤ کے لیے ایس او پیز کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پاکستان نے ایئرلائن پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق قطر ایئرلائنز کی پرواز میں ایس او پی پیز کی خلاف ورزی کے نتیجے میں مسافروں کی صحت اور حفاظت کے ساتھ ساتھ ایئرپرٹ پر کام کرنے والے اہلکاروں کو بھی خطرہ لاحق ہوا۔
ایوی ایشن ڈویژن کے جوائنٹ سیکرٹری اور ترجمان عبدالستار کھوکھر کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قطر ایئر لائنز پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے جبکہ ایئرلائنز کووڈ 19 کے ٹیسٹ اور قرنطینہ وغیرہ پر ہونے والے تمام اخراجات کے لیے بھی ذمہ دار ہوگی۔
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے رواں برس اگست میں کرونا کی وبا کے تناظر میں ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے نئے ایس او پیز جاری کیے تھے۔
سی اے اے کے ڈائریکٹر کی جانب سے ایس او پیز کے حوالے سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، جو 26 اگست سے 31 دسمبر 2020 تک موثر رہیں گے۔
ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ان ایس او پیز کے تحت صرف مسافروں اور ہوائی اڈے کے عملے کو پارکنگ ایریا سے آگے جانے کی اجازت ہوگی۔
ہوائی اڈوں پر کسی بھی طرح کے پروٹوکول معطل رہیں گے اور انہیں ہوائی اڈے کے ڈیپارچر لاؤنج سے پہلے ہی واپس روانہ کر دیا جائے گا۔ طیاروں کو روانگی سے قبل ڈس انفیکٹ کیا جائے گا، عملے کے ارکان پرواز کے دوران پی پی ای کٹس، سرجیکل ماسک اور دستانے پہننے کے پابند ہوں گے۔
ایئرلائنز ہوائی اڈوں پر مسافروں کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کی پابند ہوں گی، محکمہ صحت کے عہدیدار تمام مسافروں کے کرونا وائرس ٹیسٹ کر سکیں گے۔
ایئر لائن مسافروں کا تمام سامان اور کارگو اتارنے کے فوراً بعد ہی انہیں ڈس انفیکٹ کرنے کے پابند ہوں گے،بورڈنگ پاس کم از کم ایک نشست کے فاصلے کے ساتھ جاری کیے جائیں گے۔ پرواز کے دوران تمام مسافروں کا سرجیکل ماسک پہننا لازمی ہو گا۔