نئی دہلی :بھارت کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ-19 کے خلاف پاکستان اور افغانستان نے بھی بھارت سے بہتر اقدامات کیے۔
تفصیلات کے مطابق راہول گاندھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے کئی ممالک کی گراس ڈومیسٹک پروڈکٹ (جی ڈی پی) سے متعلق جاری کیے گئے گراف کے ساتھ لکھا کہ ’یہ بی جے پی حکومت کی ایک اور ٹھوس کامیابی ہے‘۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ کسی بھی ابھرتی ہوئی معیشت کے لیے بڑا دھچکا ہے اور ازادی کے بعد بدترین حالات ہیں۔ گراف کے مطابق بھارت کی معیشت کے 10.3 فیصد تک سکڑنے کا امکان ہے جو خطے کے دیگر ممالک چین، بھوٹان، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، میانمار، نیپال اور افغانستان سب سے زیادہ ہے۔
راہول گاندھی نے آئی ایم ایف کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کی ایک اور ٹھوس کامیابی، یہاں تک کہ پاکستان اور افغانستان نے بھی کورونا وائرس بحران کو بھارت سے بہتر طور پر سنبھالا ہے۔
یاد رہے کہ آئی ایم ایف نے رواں ہفتے اپنی رپورٹ میں عالمی معیشت کے حوالے سے کہا تھا کہ چین اور دیگر امیر معیشتوں نے کورونا وائرس کے باعث لاک ڈائون کے بعد توقع سے زیادہ تیزی سے بہتری دکھائی لیکن کئی ابھرتی ہوئی مارکیٹس کے حالات مزید خراب ہوگئے ہیں۔
بھارت کی وزارت صحت کے تازہ اعداد وشمار کے مطابق 73 لاکھ 70 ہزار افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 63 ہزار 371 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔