گوجرانوالہ: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے پہلے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے آج لاہور سے گوجرانوالہ تک لوگوں کا ایک ہی نعرہ تھا کہ گو نیازیٹ گو نیازی اور کون کہتا تھا کہ عوام کہیں گے تو استعفا دے دوں گا اب تو ہزاروں کی تعداد میں لوگ نکل آئے ہیں اب عمران خان کو استعفیٰ دے دینا چاہیئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں آج آپ کے پاس میڈیا کی زبان بندی کا مقدمہ لے کر آئی ہوں اور آپ کے منتخب نمائندوں کو ایک اقامے پر نکال دیا جاتا ہے اور انکا مقدمہ لے کر آئی ہوں جبکہ لیڈی ہیلتھ ورکرز اسلام آباد کی سڑکوں پر رل رہی ہیں ان کا بھی مقدمہ لے کر آئی ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ منتخب نمائندوں کی تین ، تین نسلوں سے حساب لیا جاتا ہے لیکن ملک کو لوٹنے والوں سے کچھ بھی نہیں پوچھا جاتا۔ ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو عوام کا بُرا حال ہوتا ہے اور آج لوگ بُرے حال میں ہیں اور بیروزگاری کا ہر طرف راج ہے۔
انہوں نے کہا عوام وعدہ کریں کے چینی اور آٹا چوروں سے حساب لے گی، یہ لوگ پہلے چیزیں غائب کرتے ہیں پھر قیمتیں بڑھا کر واپس لے آتے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ حکومت عوام کے ووٹوں سے آنی اور جانی چاہیے نہ کہ کسی کو سلیکٹ کر کے عوام پر مسلط کیا جائے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی کرپشن کی داستانیں جب عوام کے سامنے آئیں گی تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے اور عمران خان یاد رکھو حالات بدلتے ہوئے دیر نہیں لگتی۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ 20 ستمبر کو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد تشکیل پانے والی 11 سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہے جو رواں ماہ سے شروع ہونے والے ’ایکشن پلان‘ کے تحت 3 مرحلے پر حکومت مخالف تحریک چلانے کے ذریعے حکومت کا اقتدار ختم کرنے کی کوشش کرے گی۔
ایکشن پلان کے تحت پی ڈی ایم نے رواں ماہ سے ملک گیر عوامی جلسوں، احتجاجی مظاہروں، دسمبر میں ریلیوں اور جنوری 2021 میں اسلام آباد کی طرف ایک ’فیصلہ کن لانگ مارچ‘ کرنا ہے۔
مولانا فضل الرحمن پی ڈی ایم کے پہلے صدر ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف سینئر نائب صدر ہیں اور مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی اس کے سیکرٹری جنرل ہیں۔