لاہور: برطانوی شاہی جوڑے کو تاریخی بادشاہی مسجد کا دورہ کرایا گیا۔ معزز مہمانوں کی نیشنل اکیڈمی بھی گئے، کھلاڑیوں اور خواتین کرکٹرز سے گپ شپ کی، شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ چوکے اور چھکے لگا کر کھیل سے لطف اندوز ہوئے۔
اس سے قبل شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا لاہور پہنچنے پر ریڈ کار پٹ استقبال کیا گیا،۔شاہی جوڑے کو ائیر پورٹ پر گورنر محمد سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خو ش آمدید کہا اور دو بچوں نے پھول بھی پیش کئے۔
برطانوی رائل ائیر فورس کا طیارہ شاہی مہمان کو لے کر لاہور ائیر پورٹ پر اترا۔ پینٹ شرٹ میں ملبوس شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن کے ساتھ مسکراتے ہوئے طیارے سے اترے۔
ائیر پورٹ پر گورنر اور وزیر اعلی پنجاب نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ شہزادہ ولیم نے اپنے استقبال کے لئے موجود دو بچیوں سے بھی حال دریافت کیا۔ شاہی جوڑے کو ان کی آمد پر تحائف بھی دیئے گئے۔ شاہی جوڑے سے گورنر اور وزیر اعلیٰ نے ائیرپورٹ لاؤنج میں ملاقات بھی کی۔
شہزادی کیٹ مڈلٹن آج بھی مشرقی رنگ میں رچی بسی نظر آئیں، سفید لانگ شرٹ، ٹراوزر، شانوں پر دوپٹہ ہاتھ میں ایوری کلر پرس اور میچنگ کاٹ شوز مرکز نگاہ تھے۔ شاہی جوڑے نے ایس او ایس ولج کا دورہ بھی کیا اور شاہی مہمان بچوں میں گھل مل گئے اور ان سے گپ شپ کی۔
نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچنے پر شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا پر تپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے مرد و خواتین کھلاڑی بھی موجود تھے، شاہی جوڑے نے کرکٹ بھی کھیلی اور محظوظ ہوئے۔