مجرم عمران کو پھانسی کے بعد ہمیں انصاف مل گیا، محمد امین

09:28 AM, 17 Oct, 2018

لاہور: زینب کے والد محمد امین کا کہنا ہے ہمیں مجرم عمران کو پھانسی کے بعد انصاف مل گیا۔ آج انصاف کے تقاضے پورے ہوئے ہیں اور مجرم عمران کو پھانسی نشان عبرت ہے۔

محمد امین نے مزید کہا ایسے جرائم کے خاتمے کیلئے مجرموں کو سرعام پھانسی ہونی چاہئے۔ مجرموں کو سرعام پھانسی کیلئے پارلیمنٹ پر دباؤ بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا قاتل عمران کا عبرتناک انجام اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا اور مجرم عمران کو پھانسی پر مطمئن ہوں۔

زینب کے والد نے شکوہ کیا کہ ہم نے مجرم کو سرعام پھانسی دینےکا مطالبہ کیا تھا اگر سرعام پھانسی نہیں دینی ہے تو اس قانون کو ہی ہٹا دینا چاہیے۔

امین انصاری نے اپنی بیٹی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ زینب زندہ ہوتی تو آج 7 سال اور 2 ماہ کی ہوتی۔

مجرم عمران پر زینب سمیت 8 بچیوں سے زیادتی کا الزام تھا جس پر اسے مجموعی طور پر 21 مرتبہ سزائے موت سنائی گئی تھی اور آج مجرم کی سزا پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں