پی سی بی چیئرمین کا اپنے اختیارات محدود کرنے کا فیصلہ

08:59 AM, 17 Oct, 2018

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے اپنے اختیارات کو محدود کرنے کیلئے منیجنگ ڈائریکٹر کا نیا عہدہ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ۔پی سی بی کے حد درجہ مصدقہ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ چیف آپریٹنگ آفیسر کی موجودگی میں چیف ایگزیگٹو آفیسر کی تقرری کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔

بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے 12 اکتوبر کو بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کو ایک خط تحریر کیا ہے جس میں ایم ڈی کی تقرری کیلئے بی او جی اراکین سے رسمی منظوری مانگی گئی ہے۔

پی سی بی اگر اس نئی تقرری کا فیصلہ کر لیتی ہے تو یہ تقرری بورڈ کے آئین کے منافی ہو گی کیوں کہ بورڈ کے موجودہ آئین میں بورڈ آف گورنرز کے پاس چیف آپریٹنگ آفیسر، چیف فنانشل آفیسر اور الیکشن کمیشن کی تقرری کا اختیار ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے ایم ڈی کیلئے عارف عباسی، سلیم الطاف، زاہد نورانی کے ناموں پر غور ہو رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی کو بورڈ آف گورنرز سے منظوری ملنے کے بعد ایم ڈی کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا تاہم اس سلسلے میں بورڈ کو آئین میں بھی ترمیم کرنا پڑے گی۔

ترمیم کے بغیر اس تقرری کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے اسے عدالت میں چیلنج کیا جا سکتا ہے۔

ایم ڈی کو چیئرمین کے زیادہ تر اختیارات منتقل کر دیئے جائیں گے جب کہ چیئرمین کا عہدہ صرف پالیسی بنانے والے کا ہو گا اور اس پالیسی پر عمل درآمد ایم ڈی اور چیف آپریٹنگ آفیسر کرائیں گے۔

مزیدخبریں