انڈین وزیر داخلہ کو ’گارڈ آف آنر “ دینے سے انکار

09:03 PM, 17 Oct, 2017

جودھپور :انڈین وزیر داخلہ جب جودھ پور کے دورے پر پہنچے تو انھیںپولیس اہلکاروں نے ”گارڈ آف آنر “ دینے سے ہی انکار کر دیا اور250سے زائد پولیس اہلکار چھٹی پر چلے گئے۔
بھارت میں سیکیورٹی فورسز کے جوان مودی حکومت سے سخت نالاں نظر آتے ہیں ،مقبوضہ کشمیر میں تو اکثر بھارتی فوجی اپنے اعلیٰ حکام کے غیر انسانی رویے سے نالاںنظر آتے ہیں ،اب گذشتہ روز ہندوستانی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کو بھی اس وقت سخت پریشانی اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب جودھ پور کے دورے پر پہنچے انڈین وزیر داخلہ کو پولیس اہلکاروں نے ”گارڈ آف آنر “ دینے سے ہی انکار کر دیا اور250سے زائد پولیس اہلکار چھٹی پر چلے گئے جبکہ جے پور میں احتجاجا کئی پولیس اہلکاروں نے اپنے سروں کو ہی منڈوا لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اب بھارتی فوج کے ساتھ راجستھانی پولیس بھی حکومت کی جانب سے ہر ماہ تنخواہ کی کٹوتی پر مودی سرکار سے سخت ناراض اور شدید غصے میں ہے ،جودھ پور کے پولیس اہلکاروں نے اپنی نفرت اور غصے کا اظہار وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے دورہ جودھ پور کے موقع پر نکال دیا ،گذشتہ روز راجناتھ سنگھ ایک روزہ دورے پر جودھ پور پہنچے تو پولیس لائن میں ”گارڈ آف آنر “دینے والی 8پولیس اہلکاروں کی ٹیم نے ہندوستانی وزیر داخلہ کو گارڈ آف آنر دینے سے ہی انکار کر دیا ۔
اس موقع پر پولیس لائن میں موجود دیگر 250پولیس اہلکاروں نے بھی چھٹی کی درخواست دی اور منظوری کے بغیر ہی ایک دن کے لئے اپنے گھروں کو چل دیئے ،جس پر پولیس کمشنر نے ہنگامی طور پر وہاں موجود عام پولیس اہلکاروں کو راجناتھ سنگھ کو گارڈ آف آنر دینے کے لئے بلایا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جودھ پور دورے پر آئے ہوئے اے ڈی جی ایم ایل لاٹھر کو بھی”آفیشل “ پولیس اہلکاروں نے گارڈ آف آنر دینے سے انکار کر دیا تھا اوراس وقت بھی ایک دوسری ٹیم کو گارڈ آف آنر دینے کے لئے بلایا گیا تھا۔

مزیدخبریں