لاہور:پاکستان کی مایہ ناز اداکارہ ماہرہ خان مقبول ترین کاسمیٹک برانڈ ”لورئیل پیرس “ کا سفیر منتخب ہونے والی پہلی پاکستانی اداکارہ بن گئیں ، بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن، سونم کپور اور دپیکا پڈوکون بھی لورئیل کی سفیر ہیں۔ ہالی ووڈ سے اس فہرست میں نومی واٹسن، ایوا لونگوریا اور ہیلن میرن شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ نے پاکستان لوریل برائیڈل ویک کے آخری روز شرکت کر کے سب کو حیران کر دیا۔اس موقع پر ماہرہ خان نے کہا کہ اپنی زندگی میں آنے والے اتار چڑھاو¿ اور خود سے ہونےوالی غلطیوں یا کامیابیوں پر کسی کو یہ حق نہ دیں کہ وہ آپ کی شخصیت کی وضاحت کرے۔ اپنی شخصیت کے بارے میں آپ خود بتا سکتے ہیں۔ مجھ سمیت ہم تمام خواتین بہت قیمتی ہیں۔انہوں نے کہا میری فلم ورنہ کے ڈائریکٹر شعیب منصورنے مجھے یہ سکھایا کہ کسی کو خود کو یہ مت بتانے دیں کہ آپ کی وقعت کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی اداکاررنبیر کے ساتھ نیو یارک میں لی گئی تصاویرمنظرعام پر آنے کے بعد ماہرہ خان کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث اداکارہ وقتی طورپر شوبزسرگرمیوں اور سوشل میڈیا سے بھی دور رہیں۔