لاہور:گمشدہ ترک استاد کدھر ہیں اور کس حال میں ہیں،لاہور سے لاپتہ اور مبینہ طور پر بے دخل کئے گئے ترک استاد کو ترک پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔غیر ملکی میڈیاکی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ترک خاندان کو ہفتے کی صبح پاکستان سے ترکی بے دخل کردیا گیا تھا ۔
پاکستان میں ترک اسکولوں کے ڈائریکٹر مسعودکچماز ، ان کی اہلیہ میرل مسعود ، بیٹی ہدی نوراور دوسری بیٹی فاطمہ ہما، 27 ستمبر کو لاہور کے علاقے واپڈا ٹاون سے لاپتا ہوگئے تھے ۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ترک اسکولز نیٹ ورک کے ایک ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ان افراد کو پہلے اسلام آباد لے جایا گیا جہاں انہیں کہا گیا ترک سفارت خانے کا عملہ ان سے بات چیت کرے گا اور پھر انہیں رہا کردیا جائے گا۔
تاہم اسلام آباد ایئرپورٹ پر انہیں ترک پولیس کے حوالے کردیا گیا، جہاں انہیں ایک پرائیویٹ طیارے کے ذریعے ترکی روانہ کردیا گیا ۔انقرہ پہنچنے کے بعد مسعود اور ان کی اہلیہ کو علیحدہ علیحدہ مقامات پر رکھا گیا ہے جہاں ان سے تفتیش کی جارہی ہے ۔ مسعود کچماز اور ان کی اہلیہ پر گولن تحریک سے وابستگی کے الزامات ہیں۔