لاہور : پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان مشی خان نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی نازیبا ویڈیوز کے خلاف آواز اُٹھاتے ہوئے خواتین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
مشی خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں ملک میں خواتین کی ذاتی ویڈیوز کے لیک ہونے کا ایک نیا ٹرینڈ سامنے آیا ہے، جس میں ٹک ٹاکرز اور سوشل میڈیا اسٹارز کی نجی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔
اداکارہ نے اس سنگین مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل ایک ٹک ٹاکر کی نازیبا ویڈیوز وائرل ہوئیں، اور اب گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی ایک اور لڑکی کی ذاتی ویڈیوز بھی انٹرنیٹ پر پھیل گئی ہیں، جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ مشی خان نے اس حوالے سے متعلقہ حکومتی اداروں سے درخواست کی کہ وہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کریں اور سائبر کرائمز کے معاملے پر فوری کارروائی کریں۔
مشی خان نے خواتین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ "زمانہ بہت خراب ہے، لہٰذا کسی پر بھی مکمل بھروسہ نہ کریں۔ اگر آپ کے شوہر یا کسی قریبی فرد کی طرف سے ایسی فرمائش ہو کہ آپ اپنی ذاتی ویڈیوز یا تصاویر شیئر کریں، تو جذبات میں آ کر ایسا نہ کریں۔" انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی ویڈیوز کے بعد خواتین کو بلیک میل کیا جاتا ہے اور انہیں ذہنی دباؤ کا سامنا ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں بعض اوقات خودکشی جیسے انتہائی فیصلے بھی کیے جاتے ہیں۔
اداکارہ نے خواتین کو اس بات کی اہمیت بتائی کہ وہ ایسی کسی بھی صورت حال میں اپنے تحفظ کو مقدم رکھیں اور اپنی ذاتی معلومات یا ویڈیوز شیئر کرنے سے اجتناب کریں۔ مشی خان نے حکام سے درخواست کی کہ سائبر کرائمز کے معاملات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور اس مسئلے کے خلاف موثر قوانین اور کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکا جا سکے۔